Loading...
 

کلب کی مالیات

 

مندرجہ ذیل حصے میں ان قواعد کا خاکہ پیش کیا گیا ہے جو ان تمام کلبوں کے لئے لازمی ہیں جو کسی بھی قسم کی فیس یا فنڈ جمع کرتے ہیں، قطع نظران کے ذرائع یا جمع کرنے کی شرح اعادہ کے۔ یہ اصول کارپوریٹ  کلبوں پر لاگو نہیں ہوتے، جن کو مالی معاملات میں اپنی کمپنیوں کی پالیسیوں پر عمل کرنا چاہئے۔

 

نوٹ کریں کہ اگر کوئی کلب محض  فنڈ ریزنگ یا عطیات اکٹھا کرنے کی سرگرمیوں یا بیرونی عطیات پر انحصار کرتا ہے تو بھی اس پر یہی قواعد لاگو ہوں گے، لیکن ارکان سے کچھ وصول نہیں کیا جائے گا۔.

 

تعریفات

 

"" کلب سائٹ" کی تعریف کلب کی آن لائن موجودگی کے طور پر کی جاتی ہے، جو ایک ویب سائٹ، ایک سوشل میڈیا پیج یا سماجی رابطے کے صفحے یا گروپ یا ایک فورم ، وغیرہ ہوسکتی ہے۔

 

"ارکان کی منظوری" " کو کلب جمہوریت حصے میں بیان کردہ ووٹنگ یا رائے شماری کے طریقہ کار کے مطابق استعمال کیا جاتا ہے ۔  تمام اخراجات کی تجاویزجو ووٹ سے مشروط ہوں،ان میں یہ شامل ہونا ضروری ہے:

  • کاروائی کا صحیح مقصد۔
  • منظور کردہ حدود رقم، کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ۔
  • منظوری کی تاریخ سے اخراجات کو روبہ عمل میں لانے کا کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ وقت کا دورانیہ ، جو ایک سال سے زیادہ نہیں ہوسکتا۔

 

"" آپریٹنگ اخراجات یا لاگت بہ کار"، وہ اخراجات ہیں جو کلب کے باقاعدہ کام کے لئے ناگزیر ہیں۔ ان میں مندرجہ ذیل شامل ہیں:

  • اجلاس کے لیے جگہ کرائے پر لینا ۔
  • اجلاس کے دوران استعمال ہونے والے سامان کا کرایہ: کمپیوٹر ، مائکروفون ، پروجیکٹر وغیرہ۔
  • موجودہ سامان کی بحالی اور مرمت کے اخراجات۔
  • اجلاس اور اس کے بعد کے اخراجات (تیاری ، صفائی وغیرہ)
  • دفتری سامان اور استعمال کی چیزیں (کاغذ ، قلم ، فوٹو کاپیاں ، پرنٹر سیاہی یا ٹونربرائے پرنٹنگ یا تشخیصی فارم کی طباعت وغیرہ)
  • اسٹیشنری (بزنس کارڈز ، بیجز ، ویلکم پیک ، پن ، بینرز وغیرہ)
  • مالی اخراجات جیسے بینک ٹرانسفر فیس ، اکاؤنٹ کی بحالی کی فیس ، ٹیکس وغیرہ۔
  • کسی کلب کی مقامی قانونی ذمہ داریوں (انشورنس ، قانونی رجسٹریشن ، قانونی حِساب نویسی، وغیرہ) سے پیدا ہونے والے اخراجات۔

 

غیر آپریٹنگ اخراجات کی مثالیں:

  • سامان کی مستقل خریداری
  • خصوصی تقریبات، پارٹیوں، یا ورکشاپس کے انعقاد کے لئے اخراجات۔
  • پیشہ ور مقررین یا تربیت دہندگان کو مدعو کرنے کے اخراجات۔
  • کلب مقابلہ جیتنے والے کو دور دراز مقابلہ میں بھیجنے کے لئے معاونت۔

 

"Agora سے وابستہ  تقریبات" ایسی کوئی بھی تقریبات ہیں جن کا اہتمام ایک یا ایک سے زیادہ Agora کلب کرِیں اور جو تمام بنیادی اصولوں (خصوصا غیرجانبداری) سے ہم آہنگ ہوتے ہیں، اور ان کا مقصد Agora کے مشن یا اہداف کو آگے بڑھانا ہوتا ہے۔ ایسی تقریبات کی کچھ مثالیں مندرجہ ذیل ہیں::

  • عوامی خطابت، مباحثہ اور اسی طرح کے دوسرے مواد
  • مختلف سطح پر Agora کنونشنز
  • Agora کلبوں کی ترویج و اشاعت کے لئے عام شمولیت والے پروگرام
  • ممکنہ کلبوں کے لئے نمونہ اجلاس۔
  • ورکشاپس، سیمینار، تربیتی سیشن، وغیرہ۔
  • باظابطہ کلب برادری کے منصوبے۔
  • میلوں، ٹی وی پروگراموں، یا اسی طرح کے تیسرے فریق کی منعقد کردہ تقریبات میں شرکت جہاں مارکیٹنگ اور رکنیت بڑھانے کے لئے کلب کی موجودگی مناسب ہو۔

.

ان تقریبات کے لئے جہاں کلب میں شرکت کی اجازت نہیں دی جاتی، براہ کرم غیر جانبداری کا اصول دیکھیں۔

 

" سرکاری Agora تقریبات" وہ کوئی بھی آفاقی اطلاق والی تقریبات ہیں جن کی تخلیق یا تعریف Agora Speakers International فاؤنڈیشن طے کرتی ہے۔ فی الحال، اس طرح کی تقریبات کی دو اقسام ہیں::

  • وہ تمام مقابلے جو تنظیمی اصولوں کی کتاب کے مطابق ہوں۔

  • جغرافیائی سطح پر تمام Agora کنونشنز۔

     

 

مالی قواعد

 

مالی خودمختاری

FF01 ۔ کلب فیس کی مد میں کسی بھی رقم، جو وہ مناسب سمجھیں اس دورانیے کے ساتھ جو وہ چاہیں، کی ادائیگی لاگو کرسکتے ہیں، اور کسی تیسرے فریق سے رقوم وصول کرسکتے ہیں بشرطیکہ مندرجہ ذیل تمام قواعد پر عمل کیا جائے۔

FF02 ۔ارکان سے جمع کی جانے والی کلب کی فیس کی مقدار اور دورانیہ کی تمام کلب سائٹوں پر عوامی طور پر نمائش کی جانی چاہئے۔ اس طرح کی معلومات تک رسائی کے لئے کسی بھی قسم کے فارم بھرائی یا ذاتی معلومات کی فراہمی کی شرط نہیں ہونی چاہیے۔

FF03 ۔ ارکان سے جمع کی جانے والی کلب کی فیس کو امتیازی نہیں ہونا چا ہیے: تمام ارکان کو ایک جیسی فیس ادا کرنی چا ہیے۔ مندرجہ ذیل مستثنیات کی اجازت ہے:

  • خصوصی کم آمدنی والے یا اقلیتی گروہوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو فیس سے چھوٹ یا مفت رکنیت کی پیش کش کی جاسکتی ہے۔ مثلاً: طلباء، پنشنرز، بے روزگار، نسلی اقلیتیں، مہاجرین وغیرہ۔ ہمیں ان حالات کا جائزہ لینے اور ان مثتثنیات کو ختم کرنے کے لیے کہنے کا حق حاصل ہے، اگر ہمیں لگے کہ کوئی کلب اس تعریف کو غلط استعمال کر کے اسے امتیازی بنیادوں پررکنیت فیس اکٹھی کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہے (مثلاً: ایک کلب جو 'سفید فام مردوں' کو 'اقلیتی اجتماع' کے طور پر ظاہر کرے)۔
  •  ان کلبوں میں، جو ایسی زبان میں چلائے جاتے ہیں جو ملک کی سرکاری زبان نہیں ہے (جیسے: جب پاکستان میں کورین خطابت کلب کام کررہا ہو) تو اس زبان کے مقامی بولنے والوں(کورین بولنے والے پاکستانیوں) کو چھوٹ یا مفت رکنیت کی پیش کش کی جاسکتی ہے۔ 
  • عوامی خطابت اور رہنمائی کے شعبوں میں ایسے کسی بھی پیشہ فرد کو رعایت یا مفت رکنیت کی پیش کش کی جاسکتی ہے، اگر وہ معمول میں کلب اجلاس میں تشخیص، ورکشاپ، یا رہنمائی فراہم کرتا ہو۔

FF04 ۔ مہمانوں اور Agora کے دیگر ارکان سے معمول کے سیشنوں کے دوران کلب کا دورہ کرنے پر معاوضہ نہیں لیا جانا چا ہیے۔ غیر باقاعدہ سیشنوں کے دوران جیسے خصوصی تقریبات، مہمان مدعوکردہ مقررین والے اجلاس، ورکشاپس وغیرہ میں شرکت کی صورت میں ان سے پہلے عوامی طور پر اعلان کردہ ایک وقتی فیس وصول کی جاسکتی ہے۔ اس ایک وقتی فیس کا اعلان غیر باقاعدہ سیشن کے اعلان کے عین ساتھ ہی کیا جانا چاہئے۔

FF05 ۔ کلبوں کو گمنام عطیات یا تیسری پارٹی کے عطیات کو قبول نہیں کرنا چاہیے، جن کے نظریات یا اقدامات Agora Speakers International کے نظریات ، اصولوں ، مشن اور اہداف کے خلاف ہوں۔

.

 

فنڈز کا جائز استعمال

 

VU01 ۔ کلب کے فنڈز کسی رکن کے ذاتی منافع یا فائدہ کے لئے استعمال نہیں کیے جا سکتے۔ فنڈز کا استعمال ہمیشہ غیر منفعتی تنظیموں پر لاگو مقامی قانونی تقاضوں کے مطابق کیا جانا چاہئے۔ مقامی قوانین اور تنظیمی قوانین کے مابین تنازعہ کی صورت میں زیادہ پابندی لاگو کرنے والے قانون کا اطلاق ہوگا۔

 

VU02 ۔  کلب کے ذریعہ خریدی جانے والی تمام اشیا یا خدمات خود کلب کے آپریشن کے لیے یا Agora سے متعلقہ پروگراموں جیسے مقابلے، کنونشنز وغیرہ کے لیے ہونی چاہئیں۔ کلب ایسی کسی بھی کارروائی کے لئے فنڈز استعمال نہیں کر سکتے جن کا واحد مقصد کلب کے فنڈز میں اضافہ کرنا ہے . خصوصاً  کلب کسی بھی طرح کی سرمایہ کاری کی سرگرمیوں بشمول سیکیورٹیز، اجناس، زرمبادلہ، مستقبل پر منحصر مالی آلات، اختیارات کے معاہدوں اور رئیل اسٹیٹ وغیرہ میں ملوث نہیں ہوسکتے، قطع نظر اس کے کہ کیا یہ کاروبارکھلے عام  کیے جا رہے ہوں یا نہیں۔

 

VU03 ۔ کلب کے حاصل کردہ تمام اثاثوں کو صرف اور صرف Agora ملکی نمائندوں، اجلاس کے مہمانوں، کلب یا Agora  سے وابستہ دیگر سرگرمیوں - جو Agora    کے مشن اور مقاصد سے ہم آہنگ ہوں، کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ حاصل شدہ اثاثوں کے ایسے استعمال پراضافی معاوضہ لاگو نہیں کیا جانا چاہیے۔

 

VU04 ۔ کسی کلب کی تحلیل کے بعد باقی ماندہ تمام فنڈز کو قانونی طور پر منظور شدہ خیراتی ادارے کو عطیہ کیا جانا چاہئے، جسے اراکین  ایک سادہ اکثریت کے ذریعے منتخب کریں۔ اگر اس انتخاب کا کوئی فیصلہ نہیں ہو پاتا تو یہ فنڈ Agora Speakers International کو دیے جائیں گے۔

 

VU05 ۔  کلب ملازمین کی خدمات حاصل نہیں کرسکتے۔

 

VU06 ۔  کلب اپنے نام پر کسی بھی طرح کے سرمایہ کاری کے آلات اور قرض نہیں لے سکتے۔

 

VU07 ۔ کلب کے زیر استعمال تمام اکاؤنٹس کو - ملک کی سرکاری کرنسیوں میں سے کسی ایک میں، کلب کی رجسٹریشن والے علاقے کے مقامی اور قانونی طور پر مجاز بینکوں میں- کھولا جانا چاہئے۔ 

 

مثلاً ، فرانس میں رجسٹرڈ ایک کلب کیمن جزائر کے کسی ایسے بینک میں کھاتہ نہیں کھول سکتا جس کی فرانس میں مقامی موجودگی نہیں۔
قطع نظر استعمال شدہ بینک کے، یہ کلب یورو کے علاوہ کسی دوسری کرنسی میں بھی کھاتہ نہیں کھول سکتا ۔
.

 

استعمال کی نگرانی

 

OV01۔ فنڈز یا فیسیں اکٹھا کرنے والے کلبوں میں خزانچی افسر صدر کے علاوہ ہونا لازمی ہے۔

 

OV02۔ کلب کو لازماً کلب کی تمام سائٹوں پر کلب کے تفصیلی اور تازہ ترین مالی معاملات کی رپورٹ شائع کرنی چاہئے اور سال میں ایک بار فاؤنڈیشن کو ایک مکمل تفصیلی رپورٹ فراہم کرنی چاہیے۔ یہ معلومات پوری دنیا میں Agora کے تمام ارکان کو دستیاب ہونی چاہییں۔ یہ مالیاتی رپورٹیں آمدن اور اخراجات کے مندرجات پر مشتمل ایکسیل فائل جیسی سادہ یا مکمل اکاؤنٹنگ رپورٹ جیسی پیچیدہ ہو سکتی ہیں، لیکن بہر صورت انہیں یہ مکمل واضح کرنا خصوصاً لازم ہے کہ رکنیت کی فیس کا استعمال کیسے کیا جا رہا ہے۔ کل میزانیے کے علاوہ کلب کے تفصیلی اخراجات بھی غیر جمع شدہ فارمیٹ میں دستیاب ہونے چاہییں۔  ہر لین دین کے لیے تفصیلی فارمیٹ میں کم از کم درج ذیل تفاصیل کا شامل ہونا ضروری ہے۔

  • تاریخ ،
  • خرچ کردہ یا وصول شدہ رقم ،
  • ماخذ یا ذرائع (برائے فیس یا عطیات) یا فراہم کنندگان (برائے خرید کردہ سامان یا خدمات)۔
  • لین دین کا مقصد یا وجہ۔ (تفصیلات برائے خرید کردہ سامان یا خدمات)

 

OV03۔ کلبوں کو آپریٹنگ اخراجات کے 2 سال کے مساوی لاگت سے زیادہ رقم اکٹھی نہیں کرنی چاہیے جب تک کہ ارکان کی اکثریت کے ذریعہ صرف تفصیلی طور پر درج ومنظور شدہ بجٹڈ مخصوص مقاصد کے لئے اس کا اختیار نہ دیا جائے۔ اس اجازت کی تجدید ہر سال کی جانی چاہئے۔ 

 

OV04۔ غیر آپریٹنگ مقاصد کے لئے کلب کے ایک تہائی سے زیادہ فنڈز (اگر مالی سال کے آغاز پر دستیاب فنڈز کو ابتدائی رقم کے طور پر لیا جائے) کے استعمال کے لیے ارکان کی منظوری کی ضرورت ہوگی قطع نظر اس سے کہ ایک تہائی حد ایک خرچہ کرنے سے یا مجموعی طورپچھلے خرچے ملا کر کرنے پرعبورہورہی ہو۔ مزید خصوصی وضاحت یہ ہے کہ کوئی لین دین، جس کی رقم پچھلے غیر آپریٹنگ اخراجات کی رقم میں شامل کرنے سے ان اخراجات کی مالیت کلب کے مالی سال کے آغاز میں دستیاب رقم کے ایک تہائی سے زیادہ ہو جاتی ہے تو اس کی ارکان سے منظوری لینا ضروری ہے، اَلّا یہ کہ یہ لین دین کسی پہلے سے منظور شدہ بجٹ تجویز کا حصہ ہو اور لین دین کی مقدار منظور شدہ حد میں ہو۔

 

کچھ مثالیں۔

  • ایک کلب مالی سال کو $ 1000 (1/3 = $ 333) کے ساتھ شروع کرتا ہے۔ صدر $  400میں ایک پروجیکٹر خریدنا چاہتے ہیں۔ چونکہ 400 $ > 300 $ ، لہذا خریداری کی ارکان کے ذریعہ منظوری لینی ہوگی۔ منظوری ملنے کے بعد صدر 15 $ میں مائیکروفون بھی خریدنا چاہتے ہیں۔ چونکہ خریداریوں کی مجموعی قیمت > $ 333  $ 400 + $ 15 ہے ، اس لیے اس لین دین کی بھی منظوری لینی ہوگی۔  در حقیقت اس قاعدے کا مطلب یہ ہے کہ کلب کے تمام فنڈز میں سے ایک تہائی خرچ کرنے کے بعد ہر واحد غیر آپریٹنگ خرچے کی منظوری لی جانی چاہئے۔ 
  • ایک کلب مالی سال کو $ 1000 (1/3 = $ 333) کے ساتھ شروع کرتا ہے۔ صدر 10 مائکروفون فی قیمت $ 30 میں خریدتے ہیں (مجموعی قیمت: $ 300)۔ کچھ عرصے  بعد وہ 50 $میں ایک لیکچر سٹیدنڈ بھی خریدنا چاہتے ہیں۔ اس لین دین کی ارکان کے ذریعہ منظوری لینی ہوگی کیونکہ لیکچر سٹیدنڈ کی مجموعی لاگت اور اس سے قبل کی خریداری کا میزانیہ $ 350 ہوگا، جو ایک تہائی  اصول سے زیادہ ہے۔ 
  • ایک کلب مالی سال کو $ 1000 (1/3 = $ 333) کے ساتھ شروع کرتا ہے۔ صدر $ 600 کے بجٹ کے ساتھ ایک مقابلے کے انعقاد کے لئے ایک پروجیکٹ پیش کرتا اور منظوری حاصل کرتا ہے۔ لیکن وہ اس منظور شدہ رقم سے 400 $ اور 10 مائکروفون فی قیمت 10 $ کے لئے کل $ 500 خرچ کرتا ہے۔ ان میں سے کسی بھی لین دین کی منظوری کی ضرورت نہیں ہے۔ پھر وہ کلب کے لئے کتابوں کا ایک مجموعہ خریدنا چاہتا ہے ، جس کی قیمت $ 50 ہے۔ اس لین دین کی منظوری لینی ہوگی ، کیونکہ مجموعی لاگت $ 550 (> $ 333)  ہے اور چونکہ یہ خرچہ مقابلہ سے متعلق نہیں۔ 
  • ایک کلب مالی سال کو $ 1000 (1/3 = $ 333) کے ساتھ شروع کرتا ہے۔ صدر $ 600 کے بجٹ کے ساتھ مقابلے کے انعقاد کے لئے ایک پروجیکٹ پیش کرتا اور منظوری حاصل کرتا ہے۔ وہ $ 400 میں پروجیکٹر خریدتا ہے  اور مزید $ 25 میں 10 مائکروفون خریدنا چاہتا ہے۔ مائکروفون خریدنے کے نتیجے میں $ 650 کے غیر آپریٹنگ اخراجات ہوں گے، جو پہلے منظور کردہ بجٹ سے زیادہ ہیں - لہذا ارکان سے اس لین دین کی منظوری لینی ہوگی۔

 

OV05۔ کوئی بھی اخراجات یا مالی منظوری جو کلب کے رکن دے سکتے ہیں وہ زیادہ سے زیادہ ایک سال تک رہے گی۔ جب سال ختم ہوجائے گا، اگلے سال تک منظوری میں توسیع کے لیے ایک اور ووٹ درکار ہوگا۔

 

.

 

Agora سے متعلقہ تقریبات کی مالی اعانت

Agora سسٹم کے بنیادی ستونوں میں سے ایک بین Agora کلب تقریبات کا سرکاری مجموعہ ہے، جیسے مقابلے، کنونشنز وغیرہ، اسی طرح متعدد کلبوں کے مشترکہ زیر اہتمام کوئی بھی دوسری تقاریب (جیسے دوستانہ اجتماعات ، غیر سرکاری مقابلے وغیرہ) ۔ عموماً ان سرگرمیوں کے کامیاب انعقاد کے لئے کچھ حد تک پیشگی مالی اعانت درکار ہوتی ہے۔

 

AE01۔ Agora سے وابستہ تمام تقریبات (سرکاری ہوں یا نہیں) کو بنیادی طور پر ٹکٹ اور سامان کی فروخت، کفالت، گرانٹ اور دیگر کے ذریعے خود کفیل ہونا چاہئے۔

 

AE02۔ اس طرح کی تمام تقریبات (سرکاری ہوں یا نہیں) کی مجموعی آمدنی کا 10٪ Agora Speakers International فاؤنڈیشن کو دیا جائے گا۔

 

AE03۔ ایسی کسی بھی سرکاری Agora تقریب کی لاگت جس کے لئے پہلے سے مالی اعانت کی ایک مقررہ رقم درکار ہوتی ہے، متعلقہ جغرافیائی علاقے کے تمام ارکان برداشت کریں گے ما سوائے ملکی اور بین الاقوامی سطح کی تقریبات  جیسے کنونشن وغیرہ۔ اس صورت میں خطے کے تمام ارکان- اس فیس کے علاوہ جو بھی وہ ادا کررہے ہیں، حصہ ڈا لیں گے- ان اخراجات کے حصے کا تناسب خطے میں موجود ارکان کی تعداد پر مطلوبہ مالی اعانت کو تقسیم کرنے پر منحصر ہوگا اور یہ تمام ارکان کے لئے یکساں ہوگا قطع نظراس کے کہ وہ کتنے کلبوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ ہر کلب یہ فیصلہ کرنے کے لئے آزاد ہے کہ آیا وہ اس مطلوبہ شراکت کی ادائیگی کے لیے اپنے فنڈز کو استعمال کرے گا یا یہ اس کواپنے ارکان پر تقسیم کرے گا، یا ان دونوں کا مجموعی آپشن۔

 

AE04۔ تقریب سے ہونے والے کسی بھی نفع یا نقصان کو کلب کے ارکان کی تعداد سے متناسب مقدار میں واپس کلبوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ کلب اس رقم کو اپنے ارکان کو واپس کر سکتے ہیں ، اس رقم کی حد تک جو انہیں AE03 کے مطابق پیشگی ادا کرنا پڑی تھی۔ منافع کا حصہ  دینے یا نہ دینے کا فیصلہ ہر کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی یا مجلس منتظمین پر چھوڑ دیا جاتا ہے۔ ارکان کو واپس نہ کی جانے والی رقوم کلب کے فنڈز کا حصہ بن جاتی ہیں۔

 

نوٹ کریں کہ کلب ارکان کو ان سے جمع کردہ اصل رقم سے زیادہ رقم یا منافع نہیں دیا جا سکتا، بصورت دیگر یہ منافع کمانے والی اسکیم سمجھی جائے گی، جو کلب اور ادارے کی غیر منفعتی حیثیت سے ہم آہنگ نہیں۔

 

AE05 ۔ تقریب کے منتظمین کو ان تمام اکاؤنٹنگ یا حسابی کتابی کارروائیوں کی اطلاع، جو تقریب کے انتظام سے متعلق ہیں، ان کے وقوع پذیر ہوتے ہی Agora Speakers International Headquarters  کو، OV02 میں دی گئی تفصیل کے ساتھ، دینی چاہئے ،ان اکاؤنٹنگ ٹولزکا استعمال کرتے ہوئے جو ہیڈ کوارٹر مہیا کرے گا۔

 

مثلاً:


اگلے سال ایک ملک Agora انٹرنیشنل کنونشن کی میزبانی کرے گا۔ پیشگی مالی اعانت کے طور پر $ 1050 کی ضرورت ہے۔ ملک میں 14 کلب ہیں ، جن میں کل 180 رکن ہیں (کچھ ارکان کا تعلق ایک سے زیادہ کلب سے ہے)۔ AE03 کے مطابق کنونشن کے انعقاد میں مدد کے لئے ہر رکن کو $  5.83 کا تعاون کرنا ہوگا۔ ایک کلب، "پروگریسو اسپیکر" نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے ارکان سے صرف $ 2.00 مانگے گا اور بقیہ $ 3.83 فی رکن کو اپنے فنڈز سے ادا کرے گا۔

کنونشن کو ٹکٹوں کی فروخت ، کارپوریٹ  سپانسرشپ اور ریاستی گرانٹ کی مد میں $ 12850 کی مالی اعانت ملتی ہے۔ AE02 کے مطابق ،   1285 $ Agora Speakers International کی کارروائیوں میں مدد کے لیے جمع کرا دیا جاتا ہے ، اور بقیہ $ 11565  کنونشن کے اخراجات کی ادائیگی کے لئے استعمال ہوتا ہے۔

کنونشن ختم ہونے کے بعد ، کل لاگت 8440 $ بن جاتی ہے ، لہذا خالص منافع $  3125  ہے ۔ اس رقم کو 14 کلبوں میں اس انداز میں تقسیم کیا جاتا ہے جو ہر کلب کے سائز کے متناسب ہے۔ اگر سبھی 14 کلبوں میں ارکان کی برابر تعداد ہوتی تو ہر ایک کو  $ 223.21 ملتے ۔ اس رقم میں سے ، ہر کلب $ 5.83  تک ہر رکن کو واپس کرسکتا ہے، سوائے "پروگریسو اسپیکر" کلب کے جو $ 2.00 سے زیادہ واپس نہیں کر سکتا، کیونکہ یہ ہر رکن سے اصل میں جمع شدہ رقم کی مقدار ہے۔ کوئی بھی رکن جو ایک سے زیادہ کلب کا رکن ہو، اس رقم کی صرف ایک بار واپس وصولی کرتا ہے۔

 

کنونشن کے شرکاء کی سپانسرشپ (کفالت)

 

 

CP01۔ صرف Agora کی سختی سے شہر کی سطح سے اوپر سرکاری تقریبات میں شرکت کفالت کی اہل ہیں۔

 

CP02 کسی خاص جغرافیائی علاقے میں کلب (ملکی سطح اور اوپرکے) کنونشن کے مندرجہ ذیل شرکاء کے اخراجات کی کفالت کرسکتے ہیں۔

  • مقابلہ کے شرکاء ۔
  • ایک غیر مسابقتی کلب کا ووٹ ڈالنے کی طاقت رکھنے والا نمائندہ جس کی کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی یا مجلس منتظمین نے منظوری دی ہے۔
  • اہل پروگرام میں براہ راست ورکشاپوں، تربیتی سیشنوں، سیمیناروں کی رہنمائی کرنے والے افراد۔


کلب چاہیں تو ایک طرح کی شرکت کو سپانسر کرنے لیکن دوسروں کو نہ کرنے کا فیصلہ کرسکتے ہیں ۔

 

CP03۔ کفالت کا فیصلہ کلبوں کے صدور کی واضح اکثریت کے ساتھ منظور کیا  جانا چاہئے۔ ووٹ مندرجہ ذیل طریقے سے دیا جائے گا:

  • مقابلہ کے شرکاء کے لئے: پہلے مقابلہ راؤنڈ سے پہلے (کلب کی سطح پر)
  • دوسرے شرکاء کے لئے - تقریب کی تاریخ کے اعلان سے ایک ماہ گزرنے سے پہلے۔

 

ووٹنگ کے لئے یہ مخصوص وقت کی حدود کلبوں کو کفالت کرنے میں جانبدارانہ فیصلہ کرنے سے روکنے کے لیے ہیں، جو ایسے معیارات پر مبنی ہو کہ آیا شرکاء اس کلب سے تعلق رکھتے ہیں یا نہیں ۔ فیصلہ یا تو "اصولی طور پر" ہوگا یا نہیں، کہ اس سے قطع نظر کہ وہ کس کلب سے تعلق رکھتا ہے فاتح کی کفالت کی جائے گی ۔.

 

CP04۔ مندرجہ ذیل کلبوں کے فنڈز کے جائز استعمال گنے جاتے ہیں جب تک کہ یہ مقامی قانون میں واضح طور پر ممنوع نہ ہوں:

  • مناسب ترین زریعہ سفر پراکانومی کلاس میں آمد و رفت کے اخراجات ۔
  • تقریب کے سب سے جامع ٹکٹ کی قیمت۔
  • تقریب کی مدت سے 2 مزید راتوں کی رہائش کے اخراجات (ایک دن پہلے آنا اور تقریب ختم ہونے کے دن کے بعد روانہ ہونا ملا کر)
  • کھانے اور روزانہ آمدورفت کے لئے مناسب معاوضہ
  •  

CP05۔ کفالت صرف خریداری کی مخصوص مدود میں کی جا سکتی ہے۔ پیسے کی خاطر سپانسر شدہ مصنوعات اور خدمات میں تبدیلی کی اجازت نہیں ۔ سپانسر شدہ شرکا پر لازم ہے کہ وہ تمام کفالت شدہ سامان اور خدمات کی رسیدیں سنبھال کر رکھیں اور انہیں اپنے کلب کے خزانچی کے پاس خریداری کے دو ہفتوں کے اندر الیکٹرانک طور پر، بلکہ بہتر ہے کہ جونہی وہ انہیں وصول کریں، جمع کروائیں۔.

مثلاً ، اگر کسی تجویز کردہ ہوٹل پر رہائشی اخراجات $ 75فی رات ہیں تو کفالت شدہ شریک فی رات 50 $ والے ہوٹل میں ٹھہر کر بقایا رقم خود نہیں رکھ سکتا۔

تاہم اس کے برعکس ممکن ہے - اسپانسرڈ شریک $ 100 فی رات والے ہوٹل میں ٹھہرنے کے لئے اپنی جیب سے کفالت شدہ رقم کے علاوہ خرچہ ادا کرسکتے ہیں۔

 

 

قواعد میں تبدیلیاں


RC01۔ یہ قواعد وقتا فوقتا تبدیل ہوسکتے ہیں۔ تبدیلی کے چھ ماہ کے اندر کلبوں کو نئے قواعد کا نفاذ مکمل کرنا ہوگا۔.

 


Contributors to this page: agora and prof.saqib .
Page last modified on Saturday July 10, 2021 09:42:43 CEST by agora.